طالبان کے متعدد حملوں میں 17 پولیس اہلکار ہلاک

کابل ۔ 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) افغان عہدیداروں کے مطابق طالبان کے تازہ حملوں میں 17 پولیس اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ حملے ملک گیر پیمانے پر کئے گئے تھے۔ دریںاثناء شمالی بدخشاں صوبہ کے ترجمان نک محمد مزاری نے بتایا کہ تین پولیس اہلکار جمعہ کے روز ہلاک ہوئے جہاں لڑائی کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ دوسری طرف صوبائی پولیس سربراہ غلام داؤد نے بتایا کہ طالبان نے مشرقی غزنی صوبہ میں بڑے حملے کئے ہیں جہاں انہوں نے دو چیک پوائنٹس کو نشانہ بناتے ہوئے 9 پولیس اہلکاروں کو ہلاک کردیا۔ غلام داؤد نے مزید بتایا کہ طالبان کو بھی شدید نقصانات کا سامنا کرنا پڑا اور کئی گھنٹوں تک چلنے والی لڑائی میں ان کی صفوں میں بھی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ ڈپٹی صوبائی کونسل سربراہ اسداللہ کاکر نے کہا کہ پانچ پولیس اہلکار جنوب مشرقی زابل صوبہ میں ہلاک ہوئے۔ طالبان سربراہ ذبیح اللہ مجاہد نے تمام حملوں کی ذمہ داری لی ہے۔