قندھار ۔ 6 جون (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کے امن پسندوں کے ایک گروپ کو کئی دن قبل طالبان نے اغواء کرلیا تھا اس کی وجہ سے ان کی سلامتی کے اندیشے پیدا ہوگئے تھے لیکن اب اس گروپ کے ارکان طالبان کے قبضہ سے رہا ہوکر بغیر کسی گزند پہنچے محفوظ طور پر باہر آئے ہیں۔ نام نہاد پیپلز پیس موومنٹ نے گذشتہ سال اس وقت بین الاقوامی توجہ حاصل کی تھی جب یہ لوگ افغانستان میں بڑھتے تشدد کو کم کرنے کی کوشش کے حصہ کے طور پر کئی کیلو میٹر کی مسافت طئے کرکے کابل میں داخل ہوئے تھے۔ پیپلز پیس موومنٹ کے تقریباً 30 ارکان ہیں۔ ان لوگوں نے لشکرگاہ سے نکل کر مغربی صوبہ ہلمند سے پیدل سفر شروع کیا تھا۔ اتوار کے دن طالبان نے اس گروپ کے چار گاڑیوں کو ضبط کرلیا تھا۔ اس سے اندیشہ ہوگیا تھا کہ یہ لوگ قتل کئے جائیں گے لیکن آج گروپ کے ارکان محفوظ طور پر باہر آگئے۔