طالبان کے حملہ میں 16 ملیشیا ہلاک

کابل ۔ 22 جون (سیاست ڈاٹ کام) ایک افغان عہدیدار کے مطابق طالبان نے صبح کی اولین ساعتوں میں گھات لگا کر کئے گئے ایک حملہ میں حکومت حامی 16 ملیشیا کو ہلاک کردیا۔ دریں اثناء بدغیز صوبائی کونسل کے سربراہ عبدالعزیز بیگ نے بتایا کہ ملیشیا فورس آج صبح حملہ کی زد میں آ گئی حالانکہ وہ مقامی پولیس کی مدد کیلئے وہاں پہنچی تھی کیونکہ طالبان نے حقیقتاً ایکماری ڈسٹرکٹ میں پولیس کو نشانہ بنایا تھا۔ دوسری طرف جنوبی قندھار صوبہ میں طالبان جنگجوؤں نے ایک خانگی افغان تعمیراتی کمپنی پر حملہ کرتے ہوئے 13 ملازمین اور 20 سیکوریٹی اہلکاروں کا اغواء کرلیا۔ صوبائی پولیس کے ترجمان ضیاء درانی نے یہ بات بتائی اور کہا کہ اسپن بودلاک میں چار سرحدی پولیس اہلکار ہلاک ہوئے اور ایک زخمی ہوا۔ اسپن بودلاک پاکستان کی سرحد کے قریب واقع ہے۔ یاد رہیکہ طالبان نے عیدالفطر کے موقع پر تین روزہ جنگ بندی کے بعد اپنے حملے میں ایک بار پھر شدت پیدا کردی ہے جبکہ جنگ بندی میں توسیع کیلئے انہوں نے صدر افغانستان اشرف غنی کی پیشکش کو بھی مسترد کردیا۔