کابل۔5 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کے مغربی صوبے بادغیس میں چیک پوسٹوں پر طالبان کے حملے میں 7 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔’اے پی‘ کے مطابق صوبائی کونسل کے رکن محمد ناصر نذری نے کہا کہ ضلع قادس میں حملے کے نتیجے میں سکیورٹی فورسز کے 3 دیگر اہلکار زخمی بھی ہوئے۔طالبان کی جانب سے حملے سے متعلق کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔دوسری جانب افغان وزارت دفاع کے بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ مشرقی کنڑ صوبے میں افغان فورسز کے تعاون سے جمعہ کی رات اتحادی فورسز کے دو الگ، الگ فضائی حملوں میں دہشت گرد تنظیم ’داعش‘ کے 43 جنگجو ہلاک ہوئے۔
بیان میں کہا گیا کہ ضلع چھپاڑا داعش کے جنگجوؤں کو ہدف بنا کر کیے گئے فضائی حملوں میں ہلاک ہونے والوں میں کئی ازبک اور پاکستانی شہری شامل ہیں۔واضح رہے کہ مشرقی افغانستان بالخصوص کنڑ اور ننگرہار صوبوں میں طالبان اور داعش دونوں سرگرم ہیں، دونوں صوبے پاکستانی سرحد کے ساتھ واقع ہیں۔طالبان اور امریکہ کے درمیان افغانستان میں 17 سالہ جنگ کے خاتمے اور قیام امن کے لیے مذاکرات کے کئی دور ہو چکے ہیں جن میں پیشرفت بھی سامنے آئی ہے۔