لاہور 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے صوبہ پنجاب میں دو بھائیوں کے خلاف طالبان موافق ایک دستاویزی فلم دکھائے جانے کا معاملہ درج کیا گیا ہے کیونکہ اُنھیں اس طرح ممنوعہ تنظیم طالبان کے نظریات کی تشہیر کرنے کا ملزم قرار دیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ دونوں بھائی شفیق الرحمان اور انیس الرحمان جن کا تعلق ضلع سیالکوٹ کے موضع نترانوالی سے ہے،
نے اپنے مکانات پر طالبان موافق دستاویزی فلم کی اسکریننگ کا اہتمام کیا تھا۔ یہی نہیں بلکہ دونوں بھائی اس علاقہ میں طالبان کے نظریات کی تشہیر بھی کیا کرتے تھے جس کے بعد وہاں کے کچھ لوگوں نے دونوں بھائیوں کی اِن حرکتوں کی اطلاع پولیس کو دے دی۔ پولیس نے اُن کے مکانات پر دھاوا کرتے ہوئے طالبان موافق متعدد سی ڈیز اور ڈی وی ڈیز ضبط کرلیں اور اُنھیں گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی پولیس سپرنٹنڈنٹ محمد شعیب نے یہ بات بتائی۔