اسلام آباد، 26 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعظم نواز شریف دورہ ہندوستان سے واپسی کے بعد آئندہ 15 روز میں وفاق طالبان سے مذاکراتی عمل کو جاری رکھنے یا ختم کرنے سمیت آپریشن کے آپشن پر اہم حکمت عملی طے کر لے گا۔ حکمت عملی عسکری قیادت کی مشاورت سے طے ہو گی۔ وزیر اعظم رواں ہفتے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس میں طالبان سے مستقبل میں مذاکرات کے حوالے سے حتمی پالیسی کا تعین کیا جائے گا جبکہ وفاقی وزیر داخلہ، حکومتی اور طالبان کمیٹیوں کے ارکان میں بھی آئندہ چند روز میں ملاقات ہو سکتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی سطح پر طالبان سے ہونے والے مذاکرات پر مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔ حکومت کی جانب سے پس پردہ طالبان رابطہ کار کمیٹی کو آگاہ کر دیا گیا ہے کہ طالبان نے اب تک مذاکراتی عمل کو کامیاب بنانے کیلئے اپنے کسی بھی وعدے کو پورا نہیں کیا ہے۔