کابل 17 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کے نائب وزیر خارجہ حکمت خلیل کرزئی نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ چین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پاکستان کو اس بات کیلئے راضی کرے کہ وہ طالبان کے ساتھ امن مذاکرات کو جلد سے جلد عملی جامہ پہنائے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ توقع کی جارہی ہے کہ طالبان کے ساتھ دوبدو بات چیت جلد ہی شروع کی جائے گی جبکہ طالبان نے مذاکرات کئے جانے کے ایسے کسی بھی دعوے کو مسترد کردیا ہے ۔ کابل میں سنٹر فار اسٹرٹیجک اسٹڈیز برائے وزارت امور خارجہ افغانستان اور چائنا انسٹی ٹیوٹ آف کنٹمپریری انٹر نیشنل ریلیشنز کی جانب سے مشترکہ طور پر منعقدہ ایک سمینار سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر کرزئی نے البتہ طالبان کے ساتھ بات چیت کیلئے کسی مخصوص تاریخ کی نشاندہی نہیں کی تاہم مصالحتی گفتگو کرنے کی بات مزید پیشرفت کا سلسلہ جاری ہے ۔ ایکسپریس ٹریبون نے بھی اس اطلاع کی توثیق کی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت افغانستان بات چیت کیلئے ایک پیانل کی تیاری میں مصروف ہے اور بات چیت کیلئے مقام کا تعین بھی عنقریب کیا جائے گا۔