طالبان، القاعدہ،داعش بلیک لسٹ میں شامل

مقبوضہ بیت المقدس28 مئی (سیاست ڈاٹ کام)اسرائیل کے عبرانی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ اقوام متحدہ میں الجزائر کی خاتون مندوب لیلیٰ زورگی نے اسرائیلی فوج اور بچوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے والی تمام عسکری تنظیموں کوبلیک لسٹ کرنے سفارش کی ہے۔ اخبار "یدیعوت احرونوت” کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اقوام متحدہ جلد ہی شدت پسند گروپوں اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی مرتکب افواج کوبلیک لسٹ قرار دینے کی فہرست جاری کریگا۔ اس میں القاعدہ، طالبان اور داعش خاص طورپر شامل ہیں۔ اقوام متحدہ میں الجزائرکی خاتون مندوب نے سفارش کی ہے کہ بلیک لسٹ گروپوں میں اسرائیلی فوج کو شامل کیا جائے کیونکہ پچھلے سال غزہ پٹی پراسرائیلی فوج نے 51 دن کی جنگ میں 500 بچوں کو بے رحمی سے شہید اور 3300 کو زخمی کردیا تھا۔ اس کے علاوہ اسرائیلی فوج اکثر و بیشتر کم عمرفلسطینی بچوں کو حراست میں لے کران سے جنگی مجرموں سے بدترسلوک کرتی ہے۔ اسرائیلی عدالتیں عالمی انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کے برعکس کم عمرفلسطینی بچوں کو جیلوں میں بھجواتی ہیں۔ لہٰذا اقوام متحدہ اسرائیلی فوج بھی دہشت گرد قرار دینے کا اعلان کرے ۔ اسرائیل کو عالمی قوانین اور بچوں کے حقوق کا پابند بنانے فوج کو بلیک لسٹ کیا جانا وقت کا تقاضا ہے۔اسرائیلی اخبار لکھتا ہے کہ اقوام متحدہ پر اس وقت ایک جانب انسانی حقوق کی تنظیموں کا دبائو ہے ۔فلسطینی اتھارٹی بھی مطالبہ کر رہی ہے کہ عالمی ادارہ فلسطینی بچوں کے ساتھ ہونے والے صہیونی فوج کے ظالمانہ سلوک کا نوٹس لے۔