پٹنہ ؍ بہار شریف 15 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) حکومت بہار نے نالندہ ڈسٹرکٹ حکام سے حکومت کی زیرنگرانی چلائے جانے والے ایک مدرسہ میں لڑکیوں کے داخلہ پر امتناع کی متناعہ خبر پر مکمل رپورٹ طلب کی ہے۔ دریں اثناء پرنسپل سکریٹری برائے تعلیم آر کے مہاجن نے میڈیا کو بتایا کہ اس معاملہ پر ہم نے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کی ہے جس کے بعد ہی مناسب کارروائی کی جائے گی۔ یاد رہے کہ میڈیا میں کچھ دنوں سے یہ رپورٹس گشت کررہی تھیں کہ مدرسہ عزیزیہ جو بہار شریف میں ہے، وہاں سے ایک حکمنامہ جاری کیا گیا ہے جس کے تحت لڑکیوں کو مدرسہ میں تعلیم حاصل کرنے کا اہل قرار نہیں دیا گیا ہے کیونکہ مخلوط تعلیم اسلامی تعلیمات کے مغائر ہے۔