کوچی 31 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) سی بی آئی نے آج سی پی آئی (ایم) کے طاقتور لیڈر پی جئے راجن کو ضلع کنور میں 3 سال قبل پیش آئے آر ایس ایس عہدیدار کے قتل میں ’’اصل سازشی‘‘ نامزد کیا اور اُن پر سخت یو اے پی اے ایکٹ کے تحت اِس قتل کے سلسلہ میں الزامات عائد کئے ہیں جسے ایجنسی نے ’’دہشت گردانہ کارروائی‘‘ قرار دیا ہے۔ اسپیشل جج ۔ III ایرناکولم کی عدالت میں داخل کردہ اپنی ضمنی قطعی رپورٹ میں سی بی آئی تھرواننتاپورم یونٹ کی اسپیشل کرائم برانچ جس نے اِس کیس کی تحقیقات کی ہے، اُس نے کہاکہ یکم ستمبر 2014 ء کو یہ قتل گھناؤنی سازش، زبردست منصوبہ بندی اور سوچے سمجھے پلان کے تحت کیا گیا سیاسی قتل ہے۔ آر ایس ایس کے 42 سالہ ای منوج کے قتل کو دہشت گردانہ حرکت اور سفاکانہ ہلاکت قرار دیتے ہوئے سی بی آئی نے جئے راجن کو قانون انسداد غیرقانونی سرگرمیاں 1967 کے دفعات 18 اور 19 کے بشمول مختلف سیکشنس کے تحت ملزم بنایا ہے۔