تہران ، 21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایران کے اعلیٰ رہنما آیت اللہ علی خامنہ ای نے آج کہا کہ صرف طاقتور قوم ہی بیرونی طاقتوں کی جانب سے استحصال کئے جانے سے بچ سکتی ہے، اور انھوں نے معاشی اور ثقافتی آزادی کے حصول پر زور دیا ہے۔ ’’کوئی قوم جو طاقتور نہ ہو اسے دبایا جائے گا،‘‘ خامنہ ای نے جو ملک کے اعلیٰ فیصلہ ساز ہیں، آج یہ بات کہی۔ وہ شمالی شہر مشہد میں فارسی سال نو کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ انھوں نے اپنی تقریر میں جسے سرکاری ٹی وی پر براہ راست نشر کیا گیا، کہا کہ دنیا بھر کی جبری طاقتیں کسی بھی کمزور قوم کو بلیک میل کریں گے، اس کی توہین کریں گے، اس پر حملہ کریں گے، اور اسے اپنے پیروں تلے کچل ڈالیں گے۔ وہ ظاہر طور پر امریکہ اور دیگر مغربی طاقتوں کا حوالہ دے رہے تھے۔