طارق عزیز کی نعش اردن منتقل، رشتہ داروں میں اُلجھن

عمان۔13 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) عراق کے سابق نائب صدر اور صدام حسین کے دست راست طارق عزیز کے گذشتہ دنوں عراق کے ایک فوجی اسپتال میں انتقال کے بعد ان کی میت آخری رسومات کی ادائی کیلئے اردن منتقل کردی گئی ہے۔ ’العربیہ‘ کے مطابق طارق عزیز کے افراد خاندان کو لاعلم رکھتے ہوئے ایک خصوصی طیارے کے ذریعہ اُن کی نعش اُردن منتقل کی گئی ۔ اردنی حکومت کے ایک ذرائع کے مطابق طارق عزیز کی میت عمان کے ایک اسپتال میں منتقل کی گئی ہے جہاں آج الناصریہ چرچ میں آخری رسومات کی ادائی کے بعد مادبا گورنری میں سپرد خاک کیا جائے گا۔اس سے قبل اردن میں متعین عراقی سفیر جواد ہادی عباس نے بھی طارق عزیز کی میت کی عمان منتقلی کی خبروں کی تصدیق کی تھی ۔