نئی دہلی،27اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام)نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سابق سینئر لیڈر طارق انور نے ہفتہ کو کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔یہا ں انہوں نے کانگریس کے صدر راہول گاندھی اور جنرل سکریٹری اشوک گہلوٹ کی موجودگی میں کانگریس کی رکنیت حاصل کی۔ طارق نے اُس وقت اپنی پارٹی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی سے استعفیٰ دے دیا تھا جب مودی حکومت کی 59000 کروڑ روپے کے فرانس سے رافیل طیارہ معاملت میں این سی پی کے قومی صدر شرد پوارنے وزیر اعظم مودی کا دفاع کیا تھا۔طارق نے لوک سبھا کی رکنیت سے بھی استعفیٰ دیا ہے ۔وہ بہار کے کٹہیار لوک سبھا حلقہ سے 1991سے نمائندگی کررہے ہیں۔ طارق کے ساتھ شرد پوار اور پی اے شرما نے سونیا گاندھی کو کانگریس کا صدر بنائے جانے پر ’بیرونی نژاد شخصیت ‘ قرار دیتے ہوئے کانگریس چھوڑکر اپنی پارٹی (این سی پی) تشکیل دی تھی۔