ضمنی انتخاب :ٹاملناڈو میں برسر اقتدار انا ڈی ایم کے کو دھکہ

آر کے نگر حلقہ سے باغی لیڈر دیناکرن بھاری اکثریت سے منتخب ۔ مغربی بنگال میں ترنمول اور اروناچل میں بی جے پی کو جیت
نئی دہلی 24 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ٹاملناڈو میں برسر اقتدار آل انڈیا انا ڈی ایم کے کو اس وقت جھٹکا لگا جب آج مخالف گروپ کے امیدوار ٹی ٹی وی دیناکرن نے آج باوقار آر کے نگر حلقہ اسمبلی سے کامیابی حاصل کرلی ۔ دیناکرن نے جئے للیتا کی محصلہ اکثریت سے زیادہ فرق سے کامیابی حاصل کی ۔ بی جے پی نے اروناچل پردیش میں کانگریس سے دو نشستیں چھین لی ہیںاور اس نے یو پی میں اپنی ایک نشست برقرار رکھی ہے ۔ ترنمول کانگریس نے مغربی بنگال میں سابنگ حلقہ اسمبلی 64,000 ووٹوں سے کامیابی حاصل کی ہے ۔ یو پی میں بی جے پی نے سکندرا حلقہ پر اپنا قبضہ برقرار رکھا ہے ۔ ان انتخابات میں ٹاملناڈو کے آر کے نگر حلقہ کے انتخاب کی کافی اہمیت رہی ہے ۔ جیل میں محروس لیڈر وی کے ششی کلا کے بھانجے دیناکرن نے اپنے قریبی حریف آل انڈیا انا ڈی ایم کے کے امیدوار ای مدھوسدنن کو 40,707 ووٹوں سے شکست دیدی ۔ الیکشن عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ ان پانچ حلقوں کیلئے 21 ڈسمبر کو پولنگ ہوئی تھی ۔ جئے للیتا کی موت کی وجہ سے یہاں ضمنی انتخاب ہوا ہے ۔ جئے للیتا نے یہاں سے 39,545 ووٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی اور اب دیناکرن نے اس میں اضافہ کیا ہے ۔ انہوں نے بحیثیت آزاد امیدوار مقابلہ کیا تھا ۔ ڈی ایم کے کے این مرتھو گنیش یہاں تیسرے نمبر پر رہے اور ان کی ضمانت بھی ضبط ہوگئی ۔ بی جے پی امیدوار بھی یہاں اپنی ضمانت نہیں بچاسکے ۔ دینا کرن کی کامیابی کے سیاسی دور رس اثرات ہوسکتے ہیں۔ دینا کرن آل انڈیا انا ڈی ایم کے کی قیادت کے دعویدار ہیں اور وہ وی کے ششی کلا سے کافی قربت رکھتے ہیں۔ ششی کلا اور دینا کرن کو پارٹی سے علیحدہ کرکے آل انڈیا انا ڈی ایم کے کے دونوں متحارب گروپس نے اتحاد کرلیا تھا ۔ دیناکرن کی کامیابی دونوں گروپس کیلئے مسائل کا باعث ہوسکتی ہے ۔