بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے حکومت عوامی اعتماد سے محروم، وی ہنمنت راؤ کا بیان
حیدرآباد /18 ستمبر (سیاست نیوز) اے آئی سی سی سکریٹری و رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے ضمنی انتخابات کے نتائج کو کانگریس کے لئے خوش آئند اور بی جے پی کے لئے الٹی گنتی شروع ہونے کی علامت قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ 4 ماہ میں مودی لہر ختم ہو گئی اور بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے حکومت عوامی اعتماد سے محروم ہو گئی، کیونکہ ملک کی 10 ریاستوں میں حالیہ 3 لوک سبھا اور 33 اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، جب کہ کانگریس کا مظاہرہ زبردست رہا۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی اقتدار والی ریاستوں گجرات اور راجستھان میں بھی کانگریس نے حیرت انگیز مظاہرہ کرتے ہوئے بی جے پی کو مایوس کردیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات کے نتائج نے بی جے پی کے ’’اچھے دن‘‘ کی قلعی کھول دی اور عوام کو جھوٹا دلاسہ دینے والی بی جے پی کو صرف 4 ماہ میں ’’برے دن‘‘ دیکھنے کی نوبت آگئی۔ انھوں نے کہا کہ عوام نے بی جے پی کو مسترد کردیا اور اب آئندہ ماہ مہاراشٹرا و ہریانہ میں منعقد شدنی اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی نہ صرف بہتر مظاہرہ کرے گی، بلکہ اقتدار اپنے پاس ہی رکھے گی۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی اپنی شکست کا جائزہ لے اور عام انتخابات میں عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرے، ورنہ عوام اسے معاف نہیں کریں گے۔ مسٹر ہنمنت راؤ نے کہا کہ میدک لوک سبھا کے ضمنی انتخاب میں کانگریس کو شکست ضرور ہوئی ہے، تاہم کانگریس نے تنہا مقابلہ کرتے ہوئے اپنے بل بوتے پر جو ووٹ حاصل کئے ہیں، اس سے کانگریس کے ساتھ عوامی ہمدردی ظاہر ہوتی ہے۔ انھوں نے سابق چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی کے علاوہ دیگر مستعفی ہونے والے کانگریس قائدین کو دوبارہ پارٹی میں شامل ہونے کا مشورہ دیا اور کہا کہ بحیثیت چیف منسٹر کانگریس سے بھرپور فائدہ اٹھانے والے کرن کمار ریڈی نے پارٹی کو بہت بڑا نقصان پہنچایا ہے۔