ضمنی انتخابات میں چیف منسٹر جموں و کشمیر محبوبہ مفتی کامیاب

سرینگر ،25 جون (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر کے اسمبلی حلقہ انتخاب اننت ناگ میں منعقدہ ضمنی انتخابات میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی امیدوار اور ریاست کی موجودہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے 17,701 ووٹ لیکر شاندار کامیابی حاصل کی جبکہ کانگریس کے امیدوار ہلال احمد شاہ5,616 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے ۔ اس طرح محبوبہ مفتی نے اپنے قریب ترین حریف کو 12,085 ووٹوں کے واضح فرق سے ہرایا۔ اس نشست پر 2014ء کے اسمبلی چناؤ میں پی ڈی پی کے سرپرست مفتی محمد سعید نے کانگریس امیدار ہلال شاہ کو ہی 6,028 ووٹ کے فرق سے ہراکر کامیابی حاصل کی تھی۔ تاہم اس سال 7 جنوری کو مفتی سعید کا انتقال ہو جانے کی وجہ سے یہ نشست خالی ہوگئی تھی۔ اس نشست کیلئے محبوبہ مفتی اور کانگریس امیدوار ہلال احمد کے علاوہ نیشنل کانفرنس امیدوار افتخار حسین مسگر اور چند آزاد امیدوار بھی سیاسی قسمت آزمائی کررہے تھے ۔ این سی امیدوار افتخار حسین 2,811 ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے ۔ ووٹوں کی گنتی آج صبح8بجے شروع ہوئی اور پی ڈی پی امیدوار محبوبہ مفتی کو رائے شماری کے ابتدائی مرحلے سے ہی برتری حاصل رہی۔ محبوبہ مفتی جو فی الوقت پارلیمانی حلقہ انتخاب اننت ناگ سے رکن پارلیمنٹ بھی ہیں، انھیں وزیر اعلیٰ کے عہدہ پر برقراری کیلئے قانون ساز اسمبلی یا کونسل کی ممبر بننا ضروری تھا، جس کیلئے اُن کے پاس وزارت اعلیٰ کی کرسی سنبھالنے کے دن سے چھ ماہ کا وقت تھا۔ریاستی قانون ساز اسمبلی کا رکن بننے کے بعد اب محبوبہ مفتی کو بحیثیت رکن پارلیمنٹ مستعفی ہونا پڑے گا۔
محبوبہ مفتی کو وزیراعظم مودی کی مبارکباد
وزیراعظم نریندر مودی نے آج چیف منسٹر جموں و کشمیر محبوبہ مفتی کو اننت ناگ اسمبلی حلقہ سے ضمنی انتخاب میں شاندار کامیابی پر مبارکباد دی ۔ نئی دہلی کی اطلاع کے بموجب انہوں نے ٹویٹ کہا کہ اننت ناگ اسمبلی حلقہ سے ضمنی چناؤ میں کامیابی پر محبوبہ مفتی کو مبارکباد ۔ جموں و کشمیر میں بی جے پی پہلی مرتبہ پی ڈی پی کے ساتھ مخلوط حکومت میں شریک ہے ۔