مالیگاؤں ۔ 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) شبیر مسیح اللہ جو 2006ء کے مالیگاؤں دھماکہ مقدمہ کا ملزم ہے اور ضمانت پر رہا کیا گیا تھا، پیر کی شام ایک حادثہ میں ہلاک ہوگیا۔ خاندان کے ذرائع کے بموجب شبیر مسیح اللہ کو قریبی جھولے کے ہاسپٹل منتقل کیا گیا تھا جبکہ دوپہر کے وقت اسے حادثہ پیش آیا تھا۔ وہ پیر کی شام ہاسپٹل میں زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ اطلاعات کے بموجب اس کے مکان کے احاطہ کی دیوار منہدم ہوگئی تھی جبکہ وہ اس کی زد میں آ گیا۔ اس کا 11 سالہ بیٹا جو زخمی ہوگیا تھا، دواخانہ میں زیرعلاج ہے۔ شبیر مسیح اللہ ان 9 مسلمانوں میں سے ایک ہے جنہیں مہاراشٹرا کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ نے 2006ء کے مالیگاؤں مسجد میں اور مشاورت چوک میں دھماکوں کے سلسلہ میں گرفتار کیا گیا تھا۔ بعدازاں این آئی اے نے پتہ چلایا کہ 2006ء اور 2008ء کے دھماکوں میں ہندو دہشت گرد ملوث تھے چنانچہ مسلم ملزمین کو ضمانت پر رہا کردیا گیا۔