پاناجی ۔ 10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) تہلکہ رسالہ کے بانی ایڈیٹر ترون تیج پال جن پر اپنی ایک جونیر خاتون صحافی کی عصمت ریزی کا الزام ہے، جو مبینہ طور پر گوا میں کی گئی تھی، سپریم کورٹ سے درخواست ضمانت کے ساتھ رجوع ہوگئے۔ درخواست ضمانت سپریم کورٹ میں کل داخل کی گئی۔ آج ان کے وکیل سندیپ کپور نے پی ٹی آئی سے کہا کہ بامبے ہائیکورٹ کی گوا بنچ نے تیج پال کی درخواست ضمانت مسترد کردی ہے اور وہ فی الحال عدالتی تحویل میں اور صدا سب جیل میں قید ہیں۔
تیج پال کی درخواست ضمانت سپریم کورٹ میں پیش کی گئی جس میں کہا گیا ہیکہ اس مقدمہ میں امکان ہیکہ سماعت کیلئے کافی وقت لگے گا چنانچہ ملزم کو ضمانت پر رہا کیا جائے۔ درخواست میں جج کے حکم نامہ کا ذکر کیا گیا ہے جس میں تیج پال درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے کہا گیا ہیکہ مقدمہ کی سماعت کا آغاز دو ماہ میں ہوگا۔ تیج پال کی درخواست میں کہا گیا ہیکہ 152 استغاثہ کے گواہ ہیں جن پر عدالت میں جراح کی جانی ہے جس کی وجہ سے مقدمہ امکان ہیکہ مزید طول کھینچے گا۔ ان کی درخواست کی سماعت امکان ہیکہ آئندہ ہفتہ کی جائے گی۔ تیج پال نے ان پر عائد الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ جو کچھ ہوا باہمی رضامندی سے ہوا تھا۔