وقف پروٹیکشن اینڈ مائناریٹی ویلفیر سوسائٹی کے وفد کی جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست سے ملاقات
حیدرآباد۔/29 اپریل، ( سیاست نیوز) وقف پروٹیکشن اینڈ میناریٹی ویلفیر سوسائٹی یادادری ضلع بھونگیر نے درگاہ حضرت حرمین صاحبؒ اور درگاہ مولوی حبیب الحسنؒ کے تحت موجود اوقافی اراضیات پر ناجائز تعمیرات کے خلاف اپنی جدوجہد تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمیٹی کے ایک وفد نے مقامی افراد کے ساتھ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں سے ملاقات کی اور اس بات کی شکایت کی کہ تلنگانہ وقف بورڈ اوقافی اراضی کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہوچکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سروے نمبرات 924 ، 925 اور 927 میں اوقافی اراضیات کو غیر قانونی طریقہ سے فروخت کرتے ہوئے تعمیرات کا آغاز کردیا گیا۔ اس سلسلہ میں وقف بورڈ اور ضلع ریونیو حکام سے نمائندگی کی گئی۔ وفد نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ریونیو آفیسر یادادری نے چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اوقافی اراضی پر شادی خانوں کی تعمیر اور 15 ملگیوں کی موجودگی کی رپورٹ پیش کی۔ ڈسٹرکٹ ریونیو آفیسر نے وقف بورڈ سے خواہش کی کہ وہ اوقافی اراضی کے بارے میں ریونیو ریکارڈ اور وقف ریکارڈ کے ساتھ فوری رپورٹ پیش کرے تاکہ کارروائی کی جاسکے۔ مقامی افراد نے بتایا کہ وقف بورڈ کے مقامی عہدیداروں کی ملی بھگت کے باعث اس طرح کی سرگرمیاں جاری ہیں اور اس سلسلہ میں صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم اور چیف ایکزیکیٹو آفیسر منان فاروقی کو فوری کارروائی کرنی چاہیئے۔ وقف پروٹیکشن اینڈ میناریٹی ویلفیرسوسائٹی نے اس سلسلہ میں کمشنر بھونگیر میونسپلٹی، ضلع کلکٹر اور دیگر حکام سے بھی نمائندگی کی ہے۔ انہوں نے اوقافی اراضی کے بارے میں وقف گزٹ کی تفصیلات بھی پیش کی جس میں اراضی، سروے نمبر اور متولی کے بارے میں تفصیلات درج ہیں۔ جناب زاہد علی خاں نے وفد کو تیقن دیا کہ وہ اس سلسلہ میں وقف بورڈ حکام کی توجہ مبذول کروائیں گے۔