ضلع گنٹور میں شدید بارش ۔ 3 خواتین کی موت

حیدرآباد 29اگست (سیاست نیوز )آندھراپردیش کے ضلع گنٹور میں گزشتہ تین دنوں سے ہورہی شدید بارش کے سبب تین خواتین کی موت ہوگئی ۔ یہ خواتین پانی میں ڈوب گئیں۔ ان میں سے دو کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں۔ ضلع گنٹور کے راجوپلم منڈل کے نشیبی علاقہ زیر آب آگئے اور مکانات میں پانی جمع ہوگیا ۔ کئی ایکڑ اراضی پر پھیلی فصلوں کو نقصان پہونچا ۔ گزشتہ شب سے پالناڈو علاقہ میں شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ انوپالم پل پر بھی پانی جمع ہوگیا ہے جس سے بیشتر مقامات پر ٹریفک جام ہوگئی ہے ۔ بارش کے سبب تالاب اور کنٹے بھی لبریز ہوگئے ۔ کئی دیہاتوں میں پانی آگیا جس کے بعد حکام چوکس ہوگئے ۔