حیدرآباد 29۔ مارچ (سیاست نیوز ) تلنگانہ کے ضلع کھمم کے پالیرو اسمبلی حلقہ کے علاقہ مدولاپلی کے عوام کے لئے آج دوہری خوشی کا دن ہے کیونکہ تلگو نئے سال اگادی میں تحفہ کے طورپر انہیں حکومت کی جانب سے ڈبل بیڈ روم کے مکانات دیئے گئے ۔ان مکانات کا وزیر عمارات وشوارع ٹی ناگیشور راو نے افتتاح کیاْ ۔22استفادہ کنندگان کو یہ مکانات الاٹ کئے گئے ۔بعد ازاں گھر میں داخل ہونے کی رسم منعقد کی گئی ۔اس علاقہ کی ذمہ داری ٹی ناگیشو ر راو نے قبول کی ہے ۔ ۔ اس دیہات میں پہلے مرحلہ میں 22مکانات تعمیر کرتے ہوئے غریبوں کے حوالے کئے گئے ۔ ان مکانات میں بنیادی سہولتیں بھی فراہم کی گئیں۔غریبوں کے لئے ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر تلنگانہ حکومت کا باوقار پروگرام ہے ۔استفادہ کنندگان، وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کی تصویر کے ساتھ اپنے گھروں میں داخل ہوئے ۔ وزیراعلی نے غریبوں کو ڈبل بیڈ روم مکانات الاٹ کرنے کا انتخابی وعدہ کیا تھا جس کی تکمیل کی جارہی ہے ۔ استفادہ کنندگان نے انہیں مکانات الاٹ کرنے پر وزیراعلی کے چندرشیکھرراو سے اظہارتشکر کیا اور حکومت کے کارناموں کی ستائش کی ۔انہوں نے کہاکہ غریبو ں کے لئے وزیراعلی کے اقدامات ناقابل فراموش ہیں۔ قرعہ اندازی کے ذریعہ ان مکانات کا الاٹمنٹ کیا گیا ۔آج اُگادی کے موقع پر اس علاقہ کے عوام کے لئے دوہری خوشی کا دن ہے ۔ ٹی ناگیشور راو نے کھمم میں ڈبل بیڈ روم مکانات کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان غریبوں کو قبل ازیں کافی مشکلات کا سامنا کرناپڑ رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ ان مکانات کی تعمیر کے لئے غریبوں سے ایک پیسہ بھی نہیں لیا گیا ۔انہوں نے چندرشیکھرراو حکومت کے کارناموں سے واقف کروایا اور اس حکومت کو غریب دوست قرار دیا۔انہوں نے کہاکہ نامکمل مکانات کوجلد مکمل کرنے کی ریونیوکے افسروں کو ہدایت دی گئی تھی۔