ضلع کڑپہ میں وائی ایس آر کانگریس اور تلگودیشم کارکنوں میں تصادم

کڑپہ ۔ 7 مئی (سیاست نیوز) ضلع کڑپہ میں عام انتخابات کے پیش نظر پولیس کا وسیع بندوبست کے باوجود تشدد پھوٹ پڑا۔ ضلع کڑپہ کے جمل مڈگ، پروداٹور، میدکور، ریلوے کوڈور میں کئی پرتشدد واقعات رونما ہوئے۔ 71 فیصد رائے دہی ہوئی۔ اس انتخابات کو وائی ایس آر کانگریس پارٹی اور تلگودیشم نے وقار کا مسئلہ بنا لیا۔ دونوں جماعتوں کے قائدین اور کارکن ابھی نہیں تو کبھی نہیں کے مصداق انتخاب عمل میں میں حصہ لے رہے تھے۔ ضلع میں سب سے زیادہ تشدد جمل مڈگ اسمبلی حلقہ میں رونما ہوا جہاں پر واء ایس آر کانگریس پارٹی امیدوار دیواگڑی، آدی نارائنا ریڈی کے آبائی موضع دیواگڑی میں ایڈیشنل ایس پی مسٹر اپلا نائیڈو اور کمانڈینٹ راجیش کمار پر وائی ایس آر کانگریس کے حامیوں نے حملہ کردیا، جس میں ان کی کار تباہ ہوگئی۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس رائلسیما مسٹر نوین چند نے فوری اس مقام کا دورہ کیا اور خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا۔ ڈی ایس پی آفس جمل مڈگ میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تشدد میں ملوث افراد کو بخشا نہیں جائے گا سخت کارروائی کی جائے گی۔

ریلوے کوڈور اسمبلی حلقہ میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی امیدوار سرینواسلو ریڈی کی موجودگی میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی اور تلگودیشم کارکنوں نے ایک دوسرے پر سنگباری کی جو چار گھنٹے جاری رہی۔ پولیس نے مداخلت کرکے آنسو گیس کے گولے چھوڑنے کے بعد دونوں جماعتوں کو قابو میں کیا گیا۔ اس واقعہ میں 15 افراد زخمی ہوگئے۔ میدکور اسمبلی حلقہ کے منڈل چاپاڈو کے موضع نکلادنیا میں تلگودیشم کے امیدوار پٹا سدھاکر یادو پر وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے حامیوں نے حملہ کردیا۔ سنگباری میں کئی تلگودیشم کارکن زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں خواتین بھی شامل ہیں۔ میدکور حلقہ میں دونوں جماعتوں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا۔ پروداٹور اسمبلی حلقہ میں انتخابات کافی کشیدہ ماحول میں منعقد ہوئے۔ یہاں پر تلگودیشم اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے حامیوں پر تلگودیشم کے حامیوں نے سنگباری کی، جس سے حالات کافی کشیدہ ہے۔

پولیس نے پہلے ہی اس حلقہ میں وسیع تر بندوبست کیا تھا جس کی وجہ سے تشدد پر قابو کرلیا گیا۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے قائدین کی کار کو تباہ کردیا گیا۔ راجم پیٹ اسمبلی حلقہ کے رولامڈگو منڈل کے موضع بالا راجیو پلی میں واقع بوتھ پر تلگودیشم کے حامیوں پر وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے حامیوں نے چاقوؤں،آہنی سلاخوں سے حملہ کردیا۔ بوتھ میں بیٹھے تین تلگودیشم ایجنٹوں اور کارکنوں کو باہر کھینچ کر زدوکوب کیا گیا، جس میں تلگودیشم کارکن زخمی ہوگئے۔ کڑپہ اسمبلی حلقہ میں پولنگ 70 فیصد رہی۔ پہلے 12 بجے تک صرف 25 فیصد پولنگ ہوئی۔ بعدازاں اس میں اضافہ ہوتا رہا۔ 70 فیصد پولنگ ہوئی۔ یہاں پر اصل مقابلہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے امیدوار ایس بی امجد پاشاہ اور تلگودیشم کے امیدوار درگا پرساد راؤ کے درمیان ہی رہا۔ کانگریس کے امیدوار مولانا مخدوم برائے نام اس انتخابات میں حصہ لیا۔ کڑپہ میں پرامن رائے دہی ہوئی۔