ضلع کلکٹرس سے چندرا بابو کی ٹیلی کانفرنس

حیدرآباد ۔ 2 ۔ اگست : ( پی ٹی آئی ) : آندھرا پردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے ضلع کلکٹرس کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ ریاست میں اہم سرکاری پراجکٹس اور اسکیمات پر عمل آوری کے موقف کا جائزہ لیا ۔ چیف منسٹر کے دفتر سے جاری ایک اعلامیہ کے مطابق اجلاس کے دوران انہوں نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت کی کہ کسانوں کے زرعی قرض کی معافی کے لیے اقدامات کئے جائیں ۔ مسٹر نائیڈو نے کہا کہ ایسے 96.5 فیصد کسانوں کو مکمل فائدہ پہونچایا جائے ۔ جنہوں نے 1.5 لاکھ روپئے کی حد تک زرعی قرض حاصل کیا تھا ۔ دیگر 3.5 فیصد کسان جنہوں نے 1.5 لاکھ روپئے سے زائد قرض حاصل کیا تھا ۔ ان کے بھی 1.5 لاکھ روپئے کی حد تک قرض معاف کئے جائیں گے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے کلکٹروں کو ہدایت کی کہ وہ ہفتہ میں دو مرتبہ دیہاتوں کا دورہ کرتے ہوئے کسانوں کو عصری ٹکنالوجی کے استعمال کے فوائد سے واقف کروائیں ۔