ضلع کریم نگر میں خطرناک سڑک حادثہ۔سات افراد ہلاک ،30زخمی

حیدرآباد29مئی(سیاست نیوز)تلنگانہ کے ضلع کریم نگر میں پیش آئے سڑک حادثہ میں سات افراد ہلاک ہوگئے ۔یہ حادثہ کریم نگر ضلع کے ماناکنڈور منڈل کے چنجرلہ موضع کے قریب اُس وقت پیش آیا جب40مسافرین کے ساتھ حضور آباد سے کریم نگر جانے والی آرٹی سی بس کو مخالف سمت سے آنے والی لاری نے ٹکر دے دی۔اس حادثہ میں سات افراد ہلاک اورمزید 30زخمی ہوگئے ۔حادثہ اتناخطرناک تھا کہ بس میں مسافرین پھنس گئے جن کو مقامی افراد نے پولیس کی مدد سے باہر نکالا ۔زخمیوں کو علاج کے لئے فوری طورپر کریم نگر کے اسپتال منتقل کردیا گیا۔لاری اتنی بے قابو تھی کہ اس نے بس کو ٹکر دینے کے بعد اس کے پیچھے سے آنے والی دو ٹووہیلرس کے ساتھ ساتھ سائیکل پر جانے والے کو ٹکر دے دی ۔اس حادثہ میں موٹرسائیکل پر جانے والا جوڑا اور ایک سائیکل سوار زخمی ہوگیا۔زخمیوں میں چھ کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔مرنے والوں میں چار کی ہی شناخت ہو پائی ہے ۔ان میں ورنگل کے نیس کونڈہ کے رہنے والے ناگراجو،کریم نگر کے جمی کنٹہ کے رہنے والے راجو،گوپال پور کی رہنے والی سبھاشنی،حیدرآباد کے مشیرآباد کے رہنے والے ذاکر حسین کے طورپر کی گئی ہے ۔ حادثہ اتنا خطرناک تھا کہ دونوں گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا۔لاری ڈرائیور کی لاپرواہی اور تیز رفتاری حادثہ کی وجہ سمجھی جارہی ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ حادثہ اتناشدید تھا کہ چھ افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ ایک کی اسپتال میں علاج کے دوران موت ہوگئی۔اس حادثہ ہی اطلاع ملتے ہی تلنگانہ کے وزیر خزانہ ای راجندر نے مقام حادثہ پرپہنچ کر تفصیلات حاصل کی ۔وزیراعلی کے چندرشیکھرراو نے اس حادثہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ زخمیوں کو بہتر سے بہتر طبی علاج فراہم کرے ۔انہوں نے مرنے والوں کے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ۔واضح رہے کہ تلنگانہ میں ہی اتوار کو گجویل کے قریب پیش آئے سڑک حادثہ میں 13افرادہلاک ہوگئے تھے جن میں ایک ہی خاندان کے سات افراد شامل تھے ۔