ایم پی کریم نگر ونود کمار کی چانسلر یونیورسٹی ظفر سریش والا سے ملاقات، حکومت تلنگانہ کے فیصلہ سے واقفیت
حیدرآباد۔/2جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے کریم نگر میں مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے آف کیمپس کے قیام کیلئے 5ایکر اراضی الاٹ کی ہے۔ رکن پارلیمنٹ کریم نگر بی ونود کمار نے آج یونیورسٹی کے چانسلر ظفر سریش والا اور وائس چانسلر ڈاکٹر اسلم پرویز سے ملاقات کرتے ہوئے حکومت کے فیصلہ سے واقف کرایا۔ ونود کمار نے یونیورسٹی حکام سے خواہش کی کہ کریم نگر میں کیمپس کی تعمیر کا کام جلد شروع کیا جائے تاکہ کریم نگر اور اطراف کے اضلاع سے تعلق رکھنے والے اردو داں طبقہ کو فائدہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی حکام نے کیمپس کے قیام کیلئے 5 ایکر اراضی کی ضرورت ظاہر کی تھی جس پر حکومت نے مرکزی مقام پر اراضی الاٹ کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیمپس سے کریم نگر کے علاوہ نظام آباد، ورنگل، کھمم اور عادل آباد کے اقلیتوں کو فائدہ ہوگا۔ ضلع کلکٹر کریم نگر نے 15ڈسمبر کو متعلقہ تحصیلدار کو ہدایت دی کہ وہ 5 ایکراراضی مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے حوالے کردیں۔ انہوں نے یونیورسٹی حکام سے اراضی اپنی تحویل میں لینے اور جلد تعمیری کام کے آغاز کی اپیل کی۔ وائس چانسلر نے کہا کہ اس سلسلہ میں جلد اقدامات کئے جائیں گے۔