وشاکھا پٹنم ۔ 5 ۔ نومبر : ( ایجنسیز ) : خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے سبب حالیہ طوفان ہدہد سے متاثرہ وشاکھا پٹنم پر طوفان کا ایک اور خطرہ منڈلا رہا ہے ۔ وشاکھا پٹنم کے سائیکلون وارننگ سنٹر کی جانب سے اس طرح کے خدشات کے بعد کلکٹر وشاکھا پٹنم این یووراج نے محکمہ جات ریونیو ، پنچایت راج ، سیول سپلائز ، صحت و طب کے عہدیداروں کے ہمراہ ایک ایمرجنسی اجلاس منعقد کرتے ہوئے ضلع میں طوفان کے خطرہ سے نمٹنے کے لیے عہدیداروں کو موثر ہدایات دیں ۔ انہوں نے کلکٹوریٹ میں بہترین رابطہ کے لیے بھی ہدایت دی ۔ سی ڈبلیو سی کے مطابق ضلع میں زائد از 12 سنٹی میٹر بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ ضلع کلکٹر نے ایمرجنسی حالات میں لبریز ہوجانے والے ذخائر آب کے گیٹس کو کھول دینے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ انہوں نے تحصیلداروں کو تمام تر احتیاطی اقدامات بروے کار لانے کی ہدایت دی ۔ جوائنٹ کلکٹر پراوین کمار ، ایڈیشنل جوائنٹ کلکٹر ڈی وی ریڈی / آر ڈی اوز وینکٹا مرلی ، ونسنتھا رائیڈو اور کے سوریا راو اس موقع پر موجود تھے ۔۔