حیدرآباد ۔ یکم / جنوری (سیاست نیوز) کمشنر پولیس ورنگل نے ملک بھر میں ورنگل غیر ضمانتی وارنٹ سے پاک ضلع ہونے کا اعلان کیا ۔ 2015 ء کے دوران تمام غیرضمانتی وارنٹس کی تعمیل کرتے ہوئے 1070 وارنٹس پر کارروائی کی گئی اور اب ضلع ورنگل غیرضمانتی وارنٹس سے پاک ضلع بنادیا گیا ہے ۔ کمشنر پولیس ورنگل مسٹر جی سدھیر بابو نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ضلع ورنگل میں اب کوئی غیرضمانتی وارنٹ تعمیل کا منتظر نہیں ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں شائد ضلع ورنگل پہلا ایسا ضلع ہے جہاں کوئی غیرضمانتی وارنٹ التواء کا شکار نہیں رہا ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع ورنگل میں 2015 ء کے دوران جرائم کی شرح میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے ۔ پریس کانفرنس کے دوران جاری کردہ اعداد و شمار میں اس بات کی بھی وضاحت کی گئی کہ سال 2015 ء کے دوران ضلع ورنگل میں ایک بھی ڈکیتی کی واردات پیش نہیں آئی جبکہ 2014 ء میں صرف ایک ڈکیتی کا واقعہ ریکارڈ کیا گیا تھا ۔ 2015 ء کے دوران سڑک حادثات کی تعداد میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور گزشتہ سال صرف 855 سڑک حادثات ریکارڈ کئے گئے جبکہ 2014 ء میں یہ تعداد 886 ہوا کرتی تھی ۔ قتل اور عصمت ریزی کے واقعات میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ مسٹر جی سدھیر بابو نے بتایا کہ ضلع ورنگل میں موجود شاپنگ مالس ، دفاتر اور رہائشی علاقوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا عمل جاری ہے۔