متھرا ۔ 9 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی روش مثال قائم کرتے ہوئے ایک مسلم گاؤں کے سربراہ نے ضلع متھرا کے دیہات سہار میں ایک مندر تعمیر کروائی ہے۔ اس مندر کی تعمیر 8 ماہ قبل شروع کی گئی تھی لیکن مندر کے افتتاح سے متعلق رسم و رواج کل ادا کئے گئے۔ گاؤں کے مکھیہ اجمل علی شیخ جنہوں نے یہ مندر تعمیر کروایا ہے بتایا کہ اتوار کے دن شیوجی اور ہنومان جی کی مورتیوں کی ایستادگی (پران پرتشٹھاں) ویدمنتروں کی جاپ میں عمل میں آئی۔ انہوں نے بتایا کہ مندر سے متصل چند ایک کمرے پجاری اور دیگر بھکتوں کے استعمال کیلئے بہت جلد تعمیر کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مندر ذاتی خرچ 4 لاکھ روپئے سے تعمیر کروایا ہے۔ مسٹر اجمل علی شیخ نے بتایا کہ وہ ایک عرصہ دراز سے سہار گاؤں کے مضافات میں ایک مندر کی ضرورت محسوس کررہے تھے ۔