حیدرآباد ۔ 16 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : ضلع رنگاریڈی کو تلنگانہ ریاست میں حیدرآباد ضلع کے بعد سب سے زیادہ اہمیت حاصل ہے ۔ بڑے ترقیاتی پراجکٹ بین الاقوامی طرز کی ٹکنالوجی و آلات اور بین الاقوامی اداروں کی موجودگی اس ضلع کے حدود میں ہے ۔ اب ضلع انتظامیہ نے اس ضلع میں اراضی کی اہمیت میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے ایک طرف انہدامی کارروائیاں اور غیر مجاز تعمیرات کو برخاست کرنے میں مصروف ارباب مجاز نے اراضی کی اہمیت میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے ۔ امکان جتایا جارہا ہے کہ ضلع رنگاریڈی میں اراضی کی قیمت میں 20 فیصد تک اضافہ کیا جائے گا اور اس جانب کوششوں کا ضلع انتظامیہ نے آغاز کردیا ہے ۔ اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن اور
ریونیو کے عہدیداروں کا اعلیٰ سطح اجلاس ضلع کلکٹریٹ میں گذشتہ روز منعقد ہوا ۔ مارکٹ ویلیو ریویژن کمیٹی نے بھی اس اجلاس میں اپنی سفارشات پیش کی ۔ ریونیو اور رجسٹریشن کے عہدیداروں کے اس اجلاس کی صدارت جوائنٹ کلکٹر رنگاریڈی ضلع مسٹر چمپالال نے کی ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ضلع رنگاریڈی کے مختلف علاقوں کا کمیٹی دورہ کرے گی اور معائنہ کرنے کے بعد موجودہ مارکٹ کی قیمت اور موجودہ قیمتوں کا مشاہدہ کیا جائے گا ۔ تاہم کمیٹی نے موجودہ حالات اور مارکٹ کے رجحانات کی بنیاد پر 20 فیصد اضافہ کا پیشگی فیصلہ کرلیا ہے ۔ تاہم رپورٹ کی تیاری اور سفارش کو ریاستی حکومت کی منظوری جیسے مراحل کا ابھی طئے کرنا باقی ہے ۔ رنگاریڈی میں اراضی ویلیو میں اضافہ ترقی پر کس طرح اثر انداز ہوگا ۔ اور حکومت کا قطعی فیصلہ کیا ہوگا ۔۔