تلنگانہ میں وائی ایس آر کانگریس کو مستحکم کرنے کا فیصلہ، ضلعی اجلاس میں پروگرام کو قطعیت
حیدرآباد ۔ 27 جون (سیاست نیوز) مسز شرمیلا 29 جون سے 4 دن تک ضلع رنگاریڈی میں پرسہ یاترا منظم کرتے ہوئے راج شیکھر ریڈی پر جان نچھاور کرنے والے افراد کے ارکان خاندان سے ملاقات کریں گی۔ صدر تلنگانہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی و رکن پارلیمنٹ مسٹر پی سرینواس ریڈی نے پرسہ یاترا کو کامیاب بنانے کی عوام سے اپیل کی ہے۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ہیڈکوارٹر پر ضلع رنگاریڈی کے پارٹی قائدین کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مسز شرمیلا کے پرسہ یاترا پروگرام کو قطعیت دی گئی۔ مسٹر پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ 29 جون کو مسز شرمیلا دوپہر ایک بجے بنگلور سے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچیں گی۔ وہاں سے وہ کرمن گھاٹ کے قریب موجود مجسمہ راج شیکھر ریڈی پر پھول مالا چڑھاتے ہوئے اپنی پرسہ یاترا کا آغاز کریں گی۔ تلنگانہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے صدر نے پارٹی کے تمام قائدین کو 4 دن تک مسز شرمیلا کے ساتھ رہتے ہوئے ان کے دورہ کو کامیاب بنانے کا مشورہ دیا ہے اور ساتھ ہی یہ بھی کہا ہیکہ مسز شرمیلا کے دورہ سے تلنگانہ میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی مستحکم ہورہی ہے۔ راج شیکھر ریڈی اس دنیا میں نہیں ہیں مگر تلنگانہ میں ان کے چاہنے والوں کی اکثریت ہے۔