حیدرآباد۔4اگست ( پی ٹی آئی) تلنگانہ کے ضلع رنگاریڈی میں واقع ایک گاؤں مجاہد پورہ میں پولیس نے کہا ہے کہ ایک تین سالہ لڑکا مقتول پایا گیا۔ نعش کے بازو اُس کی ماں بیہوشی کے عالم میں پڑی ہوئی تھی۔ رنگاریڈی پولیس کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ( چیوڑلہ سب ڈیویژن) سی ایچ سریدھر نے کہا کہ ’’ کُلکاچرلہ پولیس اسٹیشن کے حدود میں آج دوپہر مجاہد پورہ گاؤں کے مضافات میں مقامی افراد نے ایک بیہوش عورت کو اپنے کمسن بیٹے کی نعش کے قریب پڑی ہوئی دیکھا‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ یہ عورت اگرچہ واقعہ کی صحیح تفصیلات بیان کرنے کے موقف میں نہیں ہے تاہم اُس نے الزام عائد کیا کہ اُس کے شوہر نے اپنے بیٹے کو ہلاک کیا ہے ‘ اس لڑکے کا گلا گھوٹا گیا تھا ۔ چنانچہ اس ضمن میں قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ پولیس آفیسر نے ان اخباری اطلاعات کی تردید کی کہ اس عورت کی اجتماعی عصمت ریزی کی گئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ اُس( عورت) کو مقامی ہاسپٹل میں شریک کردیا گیا ہے اور ڈاکٹروں نے کہا کہ وہ حالت نشہ میں ہے ‘‘ ۔ تاہم سی ایچ سریدھر نے کہا کہ عورت کے قریب شراب کی کوئی بوتل موجود نہیں تھی۔