حیات نگر کے پولٹری فارمس میں 1.45 لاکھ مرغیوں کا اتلاف
حیدرآباد 14 اپریل (پی ٹی آئی ؍ سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے ضلع رنگاریڈی میں پرندوں سے پھیلنے والی وباء برڈ فلو (H5N1) پھوٹ پڑنے کے سبب تقریباً 1.45 لاکھ مرغیوں کو تلف کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ محکمہ افزائش حیوانات کے ڈائرکٹر ڈی وینکٹیشورلو نے پی ٹی آئی سے کہاکہ ’’ضلع رنگاریڈی کے حیات نگر منڈل کے تحت موضع تھرور میں برڈ فلو پھیلنے کی توثیق ہوچکی ہے‘‘۔ اُنھوں نے کہاکہ بھوپال میں واقع امراض حیوانات کی اعلیٰ سطحی لیباریٹری کو روانہ کردہ 10 کے منجملہ 5 نمونے مثبت پائے گئے۔ مسٹر وینکٹیشورلو نے کہاکہ اضلاع رنگاریڈی، محبوب نگر اور حیدرآباد (جی ایچ ایم سی حدود) میں ہنگامی اجلاس منعقد کئے گئے اور مرکز کی طرف سے مقررہ معیارات کے مطابق برڈ فلو سے متاثرہ فارمس کے اطراف و اکناف کے 10 کیلو میٹر علاقہ کو ’’وباء سے متاثرہ خطہ‘‘ قرار دیا گیا جبکہ اُس کے بعد کے 10 کیلو میٹر کے علاقہ کو ’’زیرنگرانی خطہ‘‘ قرار دیا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کھرور میں متاثرہ پولٹری فارم کے ایک کیلو میٹر علاقہ میں پانچ فارمس ہیں جہاں مرغیوں کو تلف کیا جارہا ہے۔ ان پرندوں کے اتلاف کا عمل 72 گھنٹوں میں مکمل ہوجائے گا۔ حیوانات کے ماہرین کی قیادت میں 65 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہے۔ ’’زیرنگرانی علاقوں‘‘ میں واقع پولٹری فارمس سے کسی مرغی یا انڈے کو باہر لیجانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس خطہ سے پولٹری کی منتقلی پر امتناع عائد کردیا گیا ہے۔ مسٹر وینکٹیشورلو نے اس وباء کے بارے میں خوف و اندیشوں کو دور کرتے ہوئے کہاکہ برڈفلو وائرس بہت کمزور اور مخدوش ہوتے ہیں اور پولٹری گوشت کو 70 ڈگری سنٹی گریڈ آگ پر 20 منٹ تک پکائے جانے پر فوت ہوجاتے ہیں۔ عوام کو متاثرہ پرندوں سے بچانے کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہے۔