ضلع بہرائچ میں آر ٹی آئی کارکن کا بہیمانہ قتل گاؤں کا سرپنچ اور 2 بیٹے گرفتار

بہرائچ ۔ 15 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ضلع بہرائچ میں آر ٹی آئی کارکن اور عام آدمی پارٹی ممبر کے قتل کے سلسلہ میں گاؤں کے سرپنچ اور اس کے دو بیٹوں کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ 58 سالہ گروپرساد مصرا قتل کیس کے اصل ملزمین ترلوک ناتھ جو کہ موضع ہردی گورا کا سرپنچ ہے اور اس کے دو بیٹوں نیرج اور سشیل کو کل گرفتار کرلیا ہے ۔ جب کہ اس کیس میں مطلوب مزید ملزمین کو گرفتاری کے لیے دھاوے کئے جارہے ہیں ۔ دریں اثناء اسٹیشن انچارج ہردی پولیس اسٹیشن شیوپرساد یادو کو اس واقعہ کے بعد معطل کردیا گیا ۔ گروپرساد مصرا نے گاؤں میں سرپنچ ترلوک ناتھ کی جانب سے انجام دئے گئے ترقیاتی کاموں پر قانون حق معلومات کے تحت تفصیلات طلب کی تھی اور حال ہی میں ضلع ہیڈکوارٹر پر دھرنا بھی منظم کیا تھا جنہیں 13 جون کو مار کر ہلاک کردیا گیا تھا ۔ مہلوک مصرا کے افراد خاندان نے پولیس میں یہ شکایت درج کروائی ہے کہ سرپنچ ناتھ اور اس کے بھائیوں اور بیٹوں نے ان کے مکان پر حملہ کر کے آر ٹی آئی کارکن کی زبردست پٹائی کردی تھی ۔ وہ ہاسپٹل منتقل کرنے کے دوران فوت ہوگئے ۔