حیدرآباد۔ 6 اپریل (سیاست نیوز) ریاست میں زیڈ پی ٹی سیز اور ایم پی ٹی سیز کے لئے پہلے مرحلہ کے تحت آج منعقدہ رائے دہی چند ایک معمولی نوعیت کے واقعات کے ماسواء بحیثیت مجموعی پرامن رہی ۔ اور رائے دہی کا اوسط تقریباً 80 فیصد رہنے کی اطلاعات ہیں ۔ رائے دہی سے متعلق مکمل رپورٹس موصول نہ ہونے کی وجہ سے رائے دہی قطعی فیصد کا اظہار کرنا مشکل ہے ۔جبکہ ان زیڈ پی ٹی سیز و ایم پی ٹی سیز کے لئے دوسرے مرحلہ کی رائے دہی 11 ؍ اپریل کو منعقد ہوگی ۔ کمشنر ریاستی الیکشن کمیشن مسٹر پی رماکانت ریڈی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بات بتائی اور کہا کہ دوسرے مرحلہ کے تحت 11 ؍ اپریل کو منعقد کی جانے والی رائے دہی کے لئے بھی تقریباً تمام تر انتظامات مکمل کرلیئے گئے ہیں ۔ آج پہلے مرحلہ کے تحت ہوئی رائے دہی کے دوران اضلاع نیلور ‘ میدک اور اننت پور میں رائے دہی کے دوران پیش آئے چند ناخوشگوار واقعات کی وجہ سے چھ مراکز رائے دہی پر 11 ؍ اپریل کو ہی دوبارہ رائے دہی کروائی جائیگی ۔ پولیس نے وہاں پر پائی جانے والی صورتحال کا اندازہ لگا کر حالات پر قابو پالیا ۔ مسٹر رماکانت ریڈی نے مزید کہا کہ بعض مقامات پر وائی ایس آر کانگریس پارٹی اور تلگودیشم پارٹی قائدین و کارکنوں کے مابین جھڑپوںکے واقعات پیش آنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانچ بجے تک مراکز رائے دہی میں داخل ہو کر قطاروں میں پائے جانے والے تمام رائے دہندوں کو رائے دہی کا وقت ختم ہونے کے باوجود حق رائے دہی سے بھرپور استفادہ کرنے کا موقعہ فراہم کرنے کی متعلقہ عہدیداروں کو ہدایات دی گئی ہیں۔ کمشنر ریاستی الیکشن کمیشن نے بتایاکہ آج پہلے مرحلہ کے تحت (557) زیڈ پی ٹی سیز اور (8250) ایم پی ٹی سیز کے لئے رائے دہی منعقد ہوئی ۔