ضرور ت پڑنے پرہندوستان طاقت استعمال کرنے تیار رہے :صدرجمہوریہ پرنب مکرجی

تیز پور 21 نومبر (سیاست ڈاٹ کام)بر صغیر کودرپیش مختلف خطروں سے خبردار کرتے ہوئے صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے آج کہا کہ یہ ہندوستان کیلئے ضروری ہے کہ موثر دھاک برقرار رکھے اور اپنا دفاع مضبوط رکھے ۔ ترقی کو فروغ دے اور ضرورت پڑنے پر طاقت استعمال کرنے کیلئے تیار رہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک تمام شعبوں میں ترقی کے راستے پر ہے جبکہ قوم کو تمام شعبوں میں فروغ اور ترقی حاصل ہورہی ہے لیکن برصغیر کو مختلف قسم کے خطرے خاص طور پر غیر سرکاری تنظیموں سے درپیش ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ امن اور ہم آہنگی کو محفوظ رکھنے اور ہمہ جہتی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ ہمارے پاس موثر دھاک اور مضبوط دفاع ہو۔ وہ تیز پور کے فضائیہ کے فوجی اڈے پر تقریر کررہے تھے ۔ صدر جمہوریہ نے جو مسلح افواج کے سپریم کمانڈر بھی ہے کہا کہ حالانکہ بحیثیت ملک ہندوستان امن کا مضبوطی سے پابند ہے ہمیں اپنی خود مختاری کے تحفظ کیلئے ضرورت پڑنے پر طاقت استعمال کرنے تیار رہنا چاہئے ۔ ہم ایک ایسی قوم ہیں جو مساوات پر یقین رکھتی ہے ۔ چاہے مرد ہوں یا خواتین جو آج ہمارے سامنے کھڑے ہوئے ہیں مساوی ہیں۔ اور ہم اس بات کا عہد کئے ہوئے ہیں کہ ان میں عدم مساوات پیدا کرنے کی کسی بھی وجہ کا خاتمہ کردیں گے ۔ ہمیں ہماری مسلح افواج پر فخر ہے کہ وہ اس لحاظ سے ہمیں ترقی کی راہ پر لیجا رہی ہے ۔ قبل ازیں انہوں نے 115 ہیلی کاپٹر یونٹ اور 26 اسکوارڈن ہندوستانی فضائیہ کو ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر باوقار صدارتی ایوارڈ پیش کئے ۔