سرینگر۔ 10 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مصیبت کے وقت دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہر میں سیلابی پانی میں محصور 2 روسی خواتین نے اس وقت تک تخلیہ کرنے سے انکار کردیا جب تک کہ بیمار افراد کو پہلے منتقل نہ کیا جائے۔ فوج اور فضائیہ نے آج ایک ہوٹل میں مقیم دو روسی خواتین تک رسائی حاصل کی تھی، کیونکہ انہوں نے مصیبت میں ہونے کا پیغام روانہ کیا تھا۔ جب فوج ان کا تخلیہ کروانے پہنچی تو دونوں خواتین نے باہر آنے سے انکار کردیا اور کہا کہ یہاں کئی بیمار افراد بھی موجود ہیں، ان کا تخلیہ پہلے کروایا جائے، حالانکہ بیرونی علاقوں میں سخت مایوسی ظاہر کی جارہی ہے لیکن سیلاب میں محصور بعض کالونیوں میں مقیم افراد غیرمعمولی احساس ذمہ داری کا ثبوت دے رہے ہیں اور بدترین متاثرہ افراد کا تخلیہ کروانے کی ہدایت دے رہے ہیں۔