ضامن روزگار فنڈس کی بروقت اجرائی کیلئے زور

نئی دہلی۔ 7 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اپوزیشن پارٹیوں نے ریاستوں کو دیئے جانے والے ایم جی این آر ای جی اے (ضامن روزگار) فنڈس کی فوری اجرائی کا مطالبہ کیا اور حکومت نے یہ جواب دیا کہ اس فنڈ کو وقت پر جاری کیا جارہا ہے۔ اس کے بعد لوک سبھا میں سرکاری اور اپوزیشن ارکان میں گرماگرم مباحث ہوئے۔ کارروائی میں خلل اندازی کے بعد ایوان کی کارروائی کو مختصر وقفہ کیلئے ملتوی کردیا گیا۔ وزیر دیہی ترقی بریندر سنگھ کے جواب پر عدم مطمئن اپوزیشن ارکان نے ایوان کے وسط میں پہونچ کر فنڈس کی عاجلانہ اجرائی کیلئے نعرے لگائے۔ کانگریس، آر جے ڈی، ایس پی اور بائیں بازو پارٹیوں کے 15 ارکان نے احتجاج کیا۔ وقفۂ صفر کے دوران بعض ارکان نے فنڈس کی اجرائی میں تاخیر پر تشویش ظاہر کی۔ اس اسکیم کیلئے مرکز کوتاہی کا مظاہرہ کررہا ہے جبکہ متعلقہ وزیر نے کہا کہ یہ رقم وقت پر جاری کی جارہی ہے۔ شدت سے اس پروگرام کی ضرورت محسوس کی جارہی ہے اور حکومت اپنے حصہ کا کام فوری کررہی ہے۔