کابل۔ 10 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیر خارجہ ہندوستان سشما سوراج نے آج صدر افغانستان حامد کرزئی سے سیاسی اور صیانتی صورتِ حال اور وسیع تر موضوعات پر بات چیت کی۔ دونوں نے صیانتی اور دفاعی شعبوں میں تعاون میں اضافہ سے اتفاق کیا۔ دونوں ممالک نے باہمی تجارت میں اضافہ کی ضرورت پر زور دیا۔ ذرائع کے بموجب ملاقات کے دوران مکمل سیاسی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سشما سوراج نے کہا کہ ہندوستان، افغانستان کی صیانتی ضروریات کی تکمیل کا پابند ہے۔ افغانستان، ہندوستان پر فوجی ہارڈویر کی سربراہی کیلئے زور دیتا رہا ہے۔ امکان ہے کہ سشما سوراج صدر افغانستان سے ان کے ملک میں ہندوستانی اثاثہ جات کے تحفظ کا مطالبہ کریں گی۔ کرزئی نے افغانستان ۔ امریکہ صیانتی معاہدہ پر دستخط کرنے سے انکار کردیا ہے۔ افغان عہدیداروں کے بموجب ساڑھے تین لاکھ افغان فوجی ملک کی صیانت کی ذمہ داری قبول کرنے کیلئے تیار ہیں۔ صدر افغانستان سے ملاقات کے بعد وزیر خارجہ سشما سوراج نے کابل میں ہندوستانی سفارت خانہ کی نئی عمارت کا افتتاح کیا۔ 4 کروڑ امریکی ڈالرس کی لاگت سے 5 ایکڑ سے زیادہ رقبہ پر قائم کی گئی ہے۔ عمارت 8,300 مربع میٹر پر قائم ہے۔ یہ عمارت افغان وزارت خارجہ کے قریب وزیر اکبر خان علاقہ میں واقع ہے۔