موگادیشو 9 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) صومالیہ میں دہشت گردوں نے ادعا کیا ہے کہ انہوں نے ایک رکن پارلیمنٹ کو نیم خود مختار علاقہ پنٹ لینڈ میں ہلاک کردیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ رکن پارلیمنٹ حسین نور کو اس وقت گولی ماردی گئی جب وہ شام میں نماز کے بعد مسجد سے باہر نکلے تھے ۔ صومالیہ میں القاعدہ سے اشتراک رکھنے والے الشباب نے کہا کہ مجاہدین لڑاکوں نے ایک مخالف رکن کو پنٹ لینڈ میں گولی مار کر ہلاک کردیا ہے ۔ الشباب نے کہا کہ اس طرح کے حملے جاری رکھے جائیں گے ۔ پنٹ لینڈ کے نائب صدر عبدالحکیم عبداللہ حاجی نے بھی اس حملہ کی توثیق کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنٹ لینڈ پارلیمنٹ کے ایک رکن کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مزید تفصیلات کا علم نہیں ہوسکا ہے اور تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ عینی شاہدین نے کہا کہ حملہ آور بہت زیادہ مسلح تھے ۔