صومالیہ میں رکن پارلیمنٹ کو گولی مار دی گئی

موگادیشو۔ 9 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) جنگ زدہ ملک صومالیہ میں سیاستدانوں کے سلسلہ وار قتل کے ایک تازہ ترین واقع میں بندوق برداروں نے دارالحکومت میں آج ایک رکن پارلیمنٹ کو گولی مار کر ہلاک کردیا جس کی توثیق ان کے ساتھ ایک رکن پارلیمنٹ نے کی ہے۔ عبدو کریم حاجی نے کہا کہ ’’عبداللہی قیاد برے کو گولی مار دی گئی۔ بندوق برداروں نے انہیں اس وقت ہلاک کردیا جب وہ پارلیمٹ کو روانگی کیلئے گھر سے نکلے تھے۔ صومالیہ میں گذشتہ سال کم سے کم 5 ارکان پارلیمنٹ کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا تھا لیکن عبداللہی قیاد برے 2015ء کے دوران ہلاک کئے جانے والے پہلے رکن پارلیمنٹ ہیں۔ کسی بھی گروپ نے تاحال اس واقعہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے لیکن القاعدہ سے ملحقہ الشباب گروپ اس ملک میں بین الاقوامی تائید سے تشکیل شدہ حکومت کو معزول کرنے کی جدوجہد میں مصروف ہے۔ انتہاء پسندوں کا کہنا ہیکہ وہ ارکان پارلیمنٹ کو اس لئے نشانہ بنارہے ہیں کہ انہوں نے صومالی سرزمین پر بیرونی فوج کی تعیناتی کی اجازت دی تھی۔