صومالیہ میں جرمن نژاد خاتون نرس کا اغواء

موگادیشو ۔ 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مسلح بندوق برداروں کا ایک گروپ ریڈ کراس کمپاؤنڈ میں واقع انٹرنیشنل کمیٹی میں گھس آیا اور عملہ کی ایک جرمن نژاد نرس کا اغواء کرلیا۔ یاد رہیکہ حالیہ دنوں میںریڈ گروپس (امدادی گروپس) کو نشانہ بنایا جارہا ہے اور جرمن نژاد نرس کا اغواء تازہ ترین واقعہ ہے۔ صرف ایک روز قبل ہی عالمی صحت تنظیم سے وابستہ ایک صومالی خاتون کو بھی ایک مصروف ترین مارکٹ میں گولی مار کر ہلاک کردیا گیا تھا۔ تازہ ترین واقعہ میں جرمن نژاد نرس کا جس وقت اغواء کیا گیا اس وقت وہاں متعدد سیکوریٹی گارڈس بھی موجود تھے۔ دریں اثناء پولیس کیپٹن محمد حسین نے اسوسی ایٹیڈ پریس کو بتایا کہ ڈیوٹی سے کوتاہی برتنے پر سیکوریٹی گارڈس کو گرفتار کرلیا گیا۔ ریڈکراس نے بتایا کہ وہ نرس کی فوری اور غیرمشروط رہائی چاہتا ہے اور اس کیلئے متعلقہ حکام سے مسلسل ربط پیدا کیا جارہا ہے۔ صومالیہ میں ریڈکراس مندوبین کے نائب سربراہ ڈینیئل مالی نے بتایا کہ نرس کا اغواء کرنا ایک شرمناک حرکت ہے جو صومالی شہریوں کی خدمت کرتے ہوئے ان کی صحت کو بہتر بنانے کوشاں رہتی ہے۔