صومالیہ میں ’’الشباب‘‘ کا 5 جاسوسوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

موغادیشو۔10اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام)صومالیہ کے جنگجو گروپ الشباب نے 5 ‘ جاسوسوں’ کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔بی بی سی نیوز کی ایک رپورٹ نے آج بتایاگیا کہ ان پانچوں افراد کو کل الشباب کے زیر کنٹرول علاقے میں برسر عام گولی ماردی گئی۔الشباب نے الزام لگایا کہ ان میں سے تین امریکہ اور ایک برطانیہ کا جاسوس تھا ،جبکہ ایک صومالی حکومت کیلئے کام کررہا تھا۔ابھی تک برطانیہ امریکہ اور صومالیہ کی حکومتوں نے ان اطلاعات پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے ۔

طوفان ’’مائیکل‘‘سے تباہی کا اندیشہ
نیویارک،10اکتوبر(یو این آئی) ریاست فلوریڈا کی طرف بڑھنے والا طوفان ’’مائیکل‘‘ مزید خطرناک ہوگیا ہے اور اس کی شدت زمرہ 3 کے بڑے طوفان میں تبدیل ہوگئی ہے ، خدشہ ہے کہ طوفان آج فلوریڈا کے ساحلی علاقوں سے ٹکرائے گا۔’مائیکل’نامی سمندری طوفان کیساتھ چلنے والی ہواؤں کی رفتار ایک 195 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے ۔ نیشنل ہری کین سینٹر کے مطابق طوفان چہارشنبہ کی دوپہر تک ساحلی علاقوں سے ٹکرا سکتا ہے ۔گورنر فلوریڈا رک اسکاٹ نے کہا کہ ‘مائیکل’ ایک خطرناک طوفان ہے جس سے ریاست کے کچھ حصوں بالخصوص پین ہینڈل کے علاقے میں تباہی ہوسکتی ہے ، نیشنل گارڈ کے ڈھائی ہزار اہل کار امدادی کاموں کیلئے تعینات کردئیے گئے ہیں۔