اسلام آباد ۔ 24 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی سیاسی جماعت ایم کیو ایم کے سابق کارکن صولت مرزا کی سزائے موت پر عمل درآمد کے لیے ان کے ڈیتھ وارنٹ جاری کر دیئے گئے ہیں۔صوبہ بلوچستان کی مچھ جیل میں قید صولت مرزا کے ڈیتھ وارنٹ دوسری مرتبہ جاری کیے گئے ہیں۔مچھ جیل کے سپرنٹنڈنٹ اسحاق زہری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ صولت مرزا کو یکم اپریل کی صبح ساڑھے پانچ بجے پھانسی دیے جانے کے لیے حکم نامہ ملا ہے، تاہم انھوں نے صولت مرزا کی صحت کے بارے میں کسی قسم کی معلومات دینے سے معذرت کی۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ابھی تک جیل حکام کو یہ نہیں بتایا گیا کہ صولت مرزا کوئی بیان دیں گے یا نہیں۔یہ بھی کہا جارہا ہیکہ محکمہ داخلہ بلوچستان نے صولت مرزا کے اعترافی ویڈیو بیان کی ریکارڈنگ کی تحقیقات کے لیے چار کر رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے۔کمیٹی کے سربراہ آئی جی جیل خانہ جات بلوچستان بشیر احمد بنگلزئی ہوں گے۔ جبکہ دیگر تین اراکین میں ڈی آئی جی جیل خانہ شامل ہیں۔کمیٹی کا دائرہ کار یہ پتہ لگانا بھی شامل ہوگا کہ صولت مرزا کی ریکارڈنگ مچھ جیل میں ہوئی یا نہیں۔ایم کیو ایم کے سابق کارکن صولت مرزا کو 12 مارچ کی صبح پھانسی دی جانی تھی لیکن ان کی جانب سے ایم کیو ایم اور اس کے رہنما الطاف حسین کے خلاف سنگین الزامات کی ایک وڈیو سامنے آنے کے بعد پھانسی سے کچھ گھنٹے قبل اس پر عمل درآمد کو 72 گھنٹے کے لیے موخر کر دیا گیا تھا۔اسی روز پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے اقومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے یہ موقف اختیار کیا تھا کہ صولت مرزا کی پھانسی ان کی صحت کی خرابی کی وجہ سے موخر کی گئی ہے۔