صوفی موسیقی و فوڈ فیسٹیول ، موتیوں کی نمائش

حیدرآباد ۔ 2 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : جشن تلنگانہ کے ضمن میں حضرت امیر خسروؒ سنگیت اکیڈیمی اور حضرت یوسفینؒ ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر ٹرسٹ کے زیر اہتمام پرانے شہر میں 5 تا 7 جون ’ صوفی موسیقی فیسٹیول ، فوڈ فیسٹیول و موتیوں کی نمائش ‘ کا اہتمام کیا جارہا ہے جس میں بحیثیت مہمانان خصوصی چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ ، ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر محمد محمود علی ، وزیر داخلہ مسٹر این نرسمہا ریڈی کے علاوہ دیگر سرکردہ سیاسی قائدین شرکت کریں گے ۔ یہ بات آج یہاں صدر استقبالیہ کمیٹی مولانا محمد فیصل علی شاہ چشتی نظامی سجادہ نشین درگاہ یوسفینؒ نامپلی اور کنوینر کمیٹی مسٹر محمد غوث نے پریس کانفرنس میں بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ کے یوم تاسیس کے موقع پر پرانے شہر میں ریاست کی عوام کے علاوہ سیاحوں کو راغب کرنے کی غرض سے 5 تا 7 جون بڑے پیمانے پر جشن کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ پروگرام کے مطابق صوفی موسیقی فیسٹیول کا 5 جون 6-30 بجے شام چومحلہ پیالیس خلوت پر اور 6 جون کو 8-30 بجے شب تاریخی چارمینار پر منعقد ہوگا جب کہ فوڈ فیسٹیول و موتیوں کی نمائش کا 6 جون کی دوپہر آغاز ہوگا اور 7 جون کی نصف شب تک جاری رہے گا جو موتی گلی تا خلوت گراونڈ منعقد ہوگی جس میں شہر کے مشہور ریسٹورنٹس اور ہوٹلس کے تقریبا 150 اسٹالس کے علاوہ موتیوں کے تاجرین کے اسٹال بھی ہوں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ مجوزہ جشن تلنگانہ پروگرام کے دوران حیدرآباد کی گنگا جمنی تہذیب کے علاوہ یہاں کے علم و فن ، تہذیب و ثقافت اور حیدرآبادی لذیذ کھانوں کا ذائقہ اور لذت کی دنیا بھر میں شہرت سے متعلق ساری دنیا کے روبرو پیش کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر فن موسیقی کے دلدادہ معروف شخصیتیں حصہ لیں گے ۔ داخلہ مفت بذریعہ دعوت نامہ ہوگا ۔ عوام سے کثیر تعداد میں شرکت کی خواہش کی گئی ہے ۔ اس موقع پر استقبالیہ کمیٹی قائدین مسرز مولانا صفی اللہ حسین باقری ، خواجہ شجاع الدین افتخاری ، نواب ابرار اللہ ، محمد شکیل بھی موجود تھے ۔۔