صوفی سلطان شطاری اردو اکیڈیمی اور محمد مسیح حج کمیٹی کے متوقع صدرنشین

حیدرآباد۔ 3 جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے اردو اکیڈیمی و حج کمیٹی کے لیے صدور نشین کے ناموں کو قطعیت دے دی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ٹی آر ایس کے سینئر قائد صوفی سلطان قادری شطاری کو تلنگانہ اردو اکیڈیمی کا صدرنشین نامزد کیا جائے گا۔ جبکہ پارٹی میں سرگرم نوجوان قائد محمد مسیح خان کو تلنگانہ حج کمیٹی کا صدر مقرر کیا جاسکتا ہے۔ چیف منسٹر نے دونوں ناموں کو منظوری دیتے ہوئے ان اداروں میں ڈائرکٹرس اور ارکان کے تقرر کے سلسلہ میں وزراء اور قریبی عوامی نمائندوں سے تجاویز طلب کی ہیں۔ دونوں ا داروں میں پارٹی سے وابستہ قائدین کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے حیات سے تعلق رکھنے والی شخصیتوں کو شامل کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں ناموں کی فہرست عنقریب چیف منسٹر کو پیش کی جائے گی اور وہ قطعیت دیں گے۔ واضح رہے کہ صوفی سلطان شطاری ٹی آر ایس کے قیام سے ہی پارٹی سے وابستہ ہیں اور وہ کے سی آر کے قریبی اور بااعتماد سمجھے جاتے ہیں۔ تلنگانہ جدوجہد میں انہوں نے انقلابی کلام کے ذریعہ شہرت حاصل کی تھی۔ وہ مذہبی شخصیت کے ساتھ ساتھ اچھے شاعر بھی ہیں۔ چیف منسٹر نے حکومت کی تشکیل کے بعد ہی صوفی سلطان شطاری سے اردو اکیڈیمی کا وعدہ کیا تھا۔ محمد مسیح خان نے تحریک میں بھرپور حصہ لیا اور پارٹی کی سرگرمیوں کو گریٹر حیدرآباد کے حدود میں وسعت دینے میں ان کا اہم رول رہا۔ محمد مسیح خان کا شمار چیف منسٹر اور ڈپٹی چیف منسٹر کے بااعتماد قائدین میں ہوتا ہے۔