نئی دہلی۔ 13 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کل وشاکھاپٹنم کا دورہ کریں گے تاکہ سمندری طوفان ہد ہد کی ساحلی آندھرا سے ٹکرانے کے بعد اس علاقہ میں تباہی کا شخصی طور پر جائزہ لے سکیں۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹر پر کہا کہ چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو سے ان کا مسلسل ربط قائم ہے اور وہ تازہ ترین صورتحال سے واقفیت حاصل کررہے ہیں۔ نائیڈو کی کابینہ توقع ہے کہ وشاکھاپٹنم میں آج سے موجود ہوگی اور حکومت کی توجہ معمولات زندگی اضلاع وشاکھاپٹنم، سریکاکلم اور وجیانگرم میں بحال کرنے پر مرکوز ہوگی۔ تازہ ترین موسمیات کے خبر نامہ کے بموجب طوفان ہد ہد جنوبی چھتیس گڑھ اور متصلہ جنوب مغربی اڈیشہ کے قریب ہے۔ اس کے شمال۔ مغرب کی سمت پیش رفت کرنے اور بتدریج کمزور پڑجانے کی توقع ہے۔ بھوبنیشور سے موصولہ اطلاع کے بموجب طوفان ہدہد آج کمزور پڑگیا اور گہرے کم دباؤ میں تبدیل ہوکر جنوبی چھتیس گڑھ اور اس کے پڑوسی علاقوں پر مرکوز ہے۔ طوفان ہدہد پہلے ہی کمزور ہوچکا تھا اور شمال کی سمت پیشرفت کے بعد اس میں مزید کمزوری پیدا ہوگئی اور وہ گہرے کم دباؤ میں تبدیل ہوکر جنوبی چھتیس گڑھ اور پڑوسی علاقوں پر مرکوز ہوگیا۔ یہ مزید شمال۔ شمال مغرب کی سمت پیشرفت کرے گا اور مزید کمزور ہوجائے گا۔ اس کے زیراثر اڈیشہ کے کئی مقامات پر آئندہ چوبیس گھنٹے میں زبردست بارش، گرج چمک کے ساتھ ہوسکتی ہے اور ریاست کے داخلی علاقہ میں ایک یا دو مقامات پر بارش کا اندیشہ ہے۔ مقامی چوکسی کا اشارہ نمبر 3 ریاست کی تمام بندرگاہوں پر آویزاں کردیا گیا ہے۔ گرد آلود ہوا 70 تا 90 کیلومیٹر کی رفتار سے جنوب مشرق کی سمت میں پیشرفت کررہی ہے اور اڈیشہ کے ساحلوں پر اس کا غلبہ رہے گا۔ سمندر میں شدید تموج کا اڈیشہ کے ساحل کے قریب اندیشہ ہے۔ ماہی گیروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سمندر میں نہ جائیں۔ نئی دہلی سے موصولہ اطلاع کے بموجب مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج بہار، جھارکھنڈ، مغربی بنگال، یوپی، مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ کے چیف منسٹرس سے ٹیلیفون پر بات چیت کی اور مرکز کی جانب سے سمندری طوفان ہد ہد کے زیراثر زبردست بارش ہونے کی صورت میں پیدا ہونے والی صورت حال سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن مدد کا تیقن دیا۔ راج ناتھ سنگھ نے وشاکھاپٹنم کے قریب طوفان کے ٹکراجانے کے بعد کی صورتِ حال سے چیف منسٹرس سے تفصیلی واقفیت حاصل کی۔ وہ کل بھی اڈیشہ اور آندھرا پردیش کے چیف منسٹرس سے اس بارے میں بات چیت کرچکے تھے۔