صوبہ پنجاب میں اقلیتی دوست تعلیمی نصاب متعارف !

اسلام آباد ۔ 16ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے سب سے کثیر آبادی والے صوبہ پنجاب میں حکومت نے سپریم کورٹ کے اُس فیصلہ کے بعد جہاں اقلیتی حقوق کے تحفظ کی یقین دہانی کروائی گئی ہے ، اسکولی نصاب میں مذہبی رواداری سے متعلق اسباق متعارف کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ عدالت نے جاریہ سال 18 جون کو یہ حکم صادر کیا تھا کہ پاکستان میں اقلیتی حقوق کے تحفظ کیلئے موثر اقدامات کئے جانے چاہئے ۔ اُسی مطابقت سے فاضل عدالت میں اپنی رپورٹ کا ادخال کرتے ہوئے حکومت پنجاب نے کہا کہ ریاست کے محکمہ اعلیٰ تعلیم نے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو کالج کے نصاب میں تبدیلی کے لئے اپنی سفارشات پیش کرے گی ۔ یہ تجویز بھی پیش کی گئی ہے کہ تاریخ کے اُن حوالوں کو شامل نہیں کیا جائیگا جو مسخ کرکے پیش کئے گئے ہیں بلکہ مذہب کو اسلامی تعلیمات کے نظریئے سے سمجھایا جائے گا۔