فہرست رائے دہندگان سے ناموں کا اخراج، ایم ششی دھر ریڈی کی الیکشن کمشنر سے شکایت
حیدرآباد /5 اگست (سیاست نیوز) کانگریس کے سابق رکن اسمبلی ایم ششی دھر ریڈی نے الیکشن کمشنر بھنور لال سے ملاقات کرتے ہوئے حلقہ اسمبلی صنعت نگر کی فہرست رائے دہندگان سے حقیقی رائے دہندوں کا نام خارج کرنے کی شکایت کی۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ غیر قانونی اور غیر دستوری طریقے سے وزارت میں شامل ہونے والے ٹی سرینواس یادو پر شکست کا خوف طاری ہے، اسی وجہ سے اپنی وزارت کا بیجا استعمال کرتے ہوئے حلقہ اسمبلی صنعت نگر کے حقیقی رائے دہندگان کا نام فہرست سے خارج کروا رہے ہیں، کیونکہ انھیں یقین ہے کہ ضمنی انتخاب ہونے کی صورت میں رائے دہندے انھیں ووٹ نہیں دیں گے۔ انھوں نے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر سے اپیل کی کہ حقیقی رائے دہندوں کا نام دوبارہ فہرست میں شامل کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ تلنگانہ واحد ریاست ہے، جہاں ایک پارٹی کے ٹکٹ پر کامیاب ہونے والا رکن اسمبلی مستعفی ہوئے بغیر حکمراں جماعت میں شامل ہوکر وزیر بن گیا، جب کہ یہ اقدام جمہوری اقدار اور سپریم کورٹ رولنگ کے خلاف ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں انھوں نے گورنر اور اسپیکر اسمبلی سے ملاقات کی اور سرینواس یادو کی وزارت میں برقراری پر سوال اٹھاتے ہوئے سپریم کورٹ کے احکامات کی کاپی بھی پیش کی۔ اسپیکر اسمبلی نے مسٹر یادو کے استعفی پر جلد کارروائی کا تیقن دیا، مگر اب تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ انھوں نے بتایا کہ وہ اس مسئلہ پر عدلیہ سے رجوع ہونے کے لئے ماہرین قانون سے رائے حاصل کر رہے ہیں۔