صنعت نگر میں قیمتی اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے اقدامات

غیر مجاز قابضین کے خلاف کارروائی، صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم کا ریاستی وزیر سرینواس یادو کے ساتھ دورہ

حیدرآباد۔/14 جولائی، ( سیاست نیوز) صدر نشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے آج وزیر انیمل ہسبینڈری سرینواس یادو کے ہمراہ صنعت نگر میں اوقافی جائیدادوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے صنعت نگر اسمبلی حلقہ کے C-ZECH کالونی میں مکہ مدینہ علاء الدین ٹرسٹ کے تحت اوقافی جائیدادوں اور اراضیات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے غیر مجاز قابضین اور تعمیری کام انجام دینے والوں کو انتباہ دیا کہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اس کالونی میں 4 مختلف اوقافی جائیدادیں ہیں۔1900 مربع گز کی اراضی، 2210 مربع گز اور 2210 مربع گزکی اراضیات موجود ہیں۔ ایک اوپن پلاٹ ہے جبکہ 2 پر غیر مجاز قبضے ہیں۔ اس قیمتی جائیداد کے بارے میں مقامی افراد کی اطلاع پر صدرنشین وقف بورڈ نے مقامی رکن اسمبلی سرینواس یادو کے ہمراہ علاقہ کا دورہ کیا۔ غیر قانونی تعمیر کرنے والے شخص کو وقف بورڈ کی جانب سے نوٹس جاری کی جاچکی ہے۔ اوقافی اراضی پر 4 منزلہ عمارت تعمیر کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ساری اراضی کا تحفظ کیا جائے گا اور غیر مجاز قابضین کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ وقف بورڈ اس اراضی کو ڈیولپ کرتے ہوئے بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کرے گا۔ صنعت نگر جیسے تجارتی علاقہ میں اس اراضی پر غیر مجاز قابضین کی نظریں ہیں بعض افراد اس اراضی کو لیز پر دینے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اراضی کا تحفظ وقف بورڈ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیولپمنٹ کے سلسلہ میں پراجکٹ رپورٹ تیار کی جائے گی۔ محمد سلیم نے ریاستی وزیر سرینواس یادو کو مشورہ دیا کہ وہ مقامی رکن اسمبلی کی حیثیت سے اپنے حلقہ میں اوقافی جائیدادوں کے تحفظ پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ جائیدادوں کی آمدنی میں اضافہ کے ذریعہ وقف بورڈ مختلف فلاحی کام انجام دے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں کئی اہم اوقافی جائیدادوں کے تحفظ میں وقف بورڈ کو کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالتوں میں زیر دوران مقدمات میں بورڈ کی خصوصی دلچسپی سے کامیابی حاصل ہوئی اور کئی اہم جائیدادوں کا فیصلہ وقف بورڈ کے حق میں آیا۔ محمد سلیم نے کہاکہ گزشتہ دو برسوں میں وقف بورڈ نے اپنی شاندار کارکردگی کے ذریعہ عوام کی ستائش حاصل کی ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے وقف بورڈ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے۔