حیدرآباد 2 اپریل (سیاست نیوز) صنعتکار جئے رام قتل کیس میں کلیدی ملزم راکیش ریڈی سے مبینہ تعلقات کے نتیجہ میں 3 پولیس عہدیداروں کو معطل کردیا گیا ۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس ایم مہندر ریڈی نے معطلی کے احکامات جاری کئے ۔ جئے رام قتل کیس کی تحقیقات کیلئے قائم اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم نے سابقہ اے سی پی ابراہیم پٹنم ملا ریڈی اور دو انسپکٹران سرینواس اور رام بابو کا تعلق کلیدی ملزم راکیش ریڈی سے ہونے کا پتہ لگایا۔ تحقیقات کے دوران یہ بھی معلوم ہوا کہ جئے رام کا قتل کرنے کے بعد اُس کی موت کو حادثہ قرار دینے کی کوشش کیلئے مذکورہ پولیس عہدیداروں نے مبینہ طور پر راکیش ریڈی کو مشورہ دیا تھا۔ تحقیقاتی عہدیداروں نے مذکورہ تین پولیس عہدیداروں کے خلاف یہ بھی شواہد اکٹھا کئے ہیں کہ اِن کے تعلقات راکیش ریڈی سے بہت پرانے ہیں اور سابق میں اراضی معاملات کی یکسوئی اور کاروبار میں ملوث ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ اکسپریس ٹی وی کے منیجنگ ڈائرکٹر جئے رام کا راکیش ریڈی نے جوبلی ہلز میں قتل کرکے اُس کی نعش کو آندھراپردیش منتقل کیا اور اُسے حادثہ قرار دینے کی کوشش کی تھی۔